کینالز کا مسئلہ: رانا ثناء اللہ اور شرجیل انعام میمن کا رابطہ، مذاکرات پر اتفاق

کینالز کا مسئلہ: رانا ثناء اللہ اور شرجیل انعام میمن کا رابطہ، مذاکرات پر اتفاق 0

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے بین الصوبائی رابطہ رانا ثناء اللہ نے سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک میں جاری کینالز کے تنازع پر بات چیت ہوئی۔ گفتگو کے دوران اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ معاملے کو بات چیت اور افہام و تفہیم سے حل کیا جائے گا۔

رانا ثناء اللہ نے اس موقع پر کہا کہ وفاقی حکومت سندھ کے تحفظات کو سنجیدگی سے لے رہی ہے اور وزیراعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے واضح ہدایات دی ہیں کہ سندھ کے تمام تحفظات کا خاتمہ یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سندھ حکومت سے مذاکرات کے لیے ہر وقت تیار ہیں تاکہ کوئی صوبہ خود کو محروم محسوس نہ کرے۔

دوسری جانب سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کینالز کے معاملے پر پہلے ہی ہر فورم پر اپنا مؤقف پیش کر چکی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیپلزپارٹی اور سندھ کے عوام کو متنازعہ کینالز کے حوالے سے شدید تحفظات ہیں اور وہ پانی کی تقسیم 1991 کے معاہدے کے مطابق منصفانہ بنیادوں پر چاہتے ہیں۔

شرجیل میمن نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی بھی وفاقی حکومت سے اس معاملے پر مذاکرات کے لیے تیار ہے اور مسئلے کا پرامن حل تلاش کرنا وقت کی ضرورت ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں