لاہور: مہنگائی کے ستائے عوام کے لیے جزوی ریلیف کی خبر سامنے آئی ہے، جہاں آٹے کے بعد گھی کی قیمت میں بھی نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔ تاہم، چکن کی قیمت میں کسی قسم کی کمی نہ ہونے کے باعث عوام کو مکمل ریلیف میسر نہیں ہو سکا۔
مارکیٹ ذرائع کے مطابق آٹے کے 20 کلو والے تھیلے کی قیمت میں 200 روپے کمی ہوئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 1550 روپے مقرر کی گئی ہے۔ دوسری جانب گھی کی فی کلو قیمت میں 18 روپے کی کمی واقع ہوئی ہے، جب کہ مجموعی طور پر ایک ماہ میں گھی کی قیمت میں 29 روپے کی کمی ہو چکی ہے۔
صدر کریانہ مرچنٹس ایسوسی ایشن نے گھی اور آٹے کی قیمتوں میں کمی کا خیرمقدم کیا ہے لیکن انتظامیہ کی ناقص کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مٹن اور مرغی کے گوشت کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں حکومت مکمل طور پر ناکام نظر آتی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ روزمرہ استعمال کی اشیاء میں آٹے اور گھی کی قیمتوں میں کمی خوش آئند ہے، لیکن گوشت، خاص طور پر مرغی کی بڑھتی قیمتیں ان کے لیے شدید پریشانی کا باعث بن رہی ہیں۔