حیدرآباد: وفاقی وزیر مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کھیئل داس کوہستانی نے خود پر ہونے والے حالیہ حملے پر اپنا مؤقف دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں نہیں لگتا کہ اس واقعے میں پیپلز پارٹی ملوث ہے۔
صحافی کے سوال پر کہ کیا اس حملے کے پیچھے پیپلز پارٹی کا ہاتھ ہو سکتا ہے؟ وزیر مملکت نے واضح طور پر کہا کہ “میں نہیں سمجھتا کہ پیپلز پارٹی اس حملے میں شامل ہے، یہ ایک جمہوری جماعت ہے جس کی روایت میں ایسے ہتھکنڈے شامل نہیں رہے۔”
کھیئل داس کوہستانی نے بتایا کہ حملے کے دوران حملہ آوروں کے جھنڈے اور چہرے واضح طور پر نظر آ رہے تھے، جس کے شواہد موجود ہیں۔ پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج ہو چکا ہے اور اطلاعات کے مطابق کچھ افراد کو گرفتار بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ “ہم پرامن لوگ ہیں، ہم صرف امن، تعمیر، ترقی اور پاکستان کی خوشحالی کی بات کرتے ہیں۔ صوبے کے حقوق پر بھی آواز بلند کرتے رہیں گے۔ ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمیں ہمارے مقصد سے ہٹا نہیں سکتیں۔”