کراچی: شہر قائد میں گرمی کی شدت میں مسلسل اضافے کے باعث جلدی امراض میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ سرکاری اسپتالوں میں ہیٹ ریش، اسکن الرجی، گرمی دانے اور فنگل انفیکشن کے مریضوں کی تعداد روز بروز بڑھتی جا رہی ہے۔
ماہرین کے مطابق شہریوں کو خاص احتیاط برتنے کی ضرورت ہے، کیونکہ گرمی کے باعث جلد پر اثرات جلدی ظاہر ہو جاتے ہیں، خاص طور پر بچوں اور بزرگوں میں یہ مسائل زیادہ عام ہو رہے ہیں۔
جناح اسپتال کی ماہر امراض جلد ڈاکٹر رابعہ غفور کے مطابق صرف ان کے اسپتال کی او پی ڈی میں روزانہ تقریباً 600 مریض جلدی امراض کے ساتھ رجوع کر رہے ہیں۔ اسی طرح سول اسپتال کے ڈاکٹر مہیش نے بھی جلدی امراض کے روزانہ 600 سے زائد مریض آنے کی تصدیق کی ہے۔
دوسری جانب، ایم ایس اسکن اسپتال صدر، ڈاکٹر عبداللہ کے مطابق ان کے اسپتال میں جلدی امراض کے مریضوں کی یومیہ تعداد 5 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے، جو ایک خطرناک صورتحال کی نشاندہی کرتی ہے۔
طبی ماہرین نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ جلدی بیماریوں کی صورت میں سیلف میڈیکیشن سے گریز کیا جائے اور فوری ماہر امراض جلد سے رجوع کیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں جسم کو ٹھنڈا اور خشک رکھنا انتہائی ضروری ہے، پسینے کے بعد جلد کو صاف کریں، تنگ کپڑوں کے بجائے ہلکے اور ڈھیلے لباس پہنیں۔