اسلام آباد: حالیہ بارشوں کے باعث ملک میں پانی کی دستیابی میں نمایاں بہتری آئی ہے، جس کے بعد انڈس ریور سسٹم اتھارٹی (ارسا) نے صوبوں کو فراہم کیے جانے والے پانی کے حصے میں اضافہ کر دیا ہے۔
ارسا کے ترجمان کے مطابق پنجاب کو فراہم کیا جانے والا پانی 23,800 کیوسک سے بڑھا کر 64,800 کیوسک کر دیا گیا ہے، جب کہ سندھ کو بھی 10,000 کیوسک اضافے کے ساتھ اب 45,000 کیوسک پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔
ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ بلوچستان کو 500 کیوسک اور خیبرپختونخوا کو 1,900 کیوسک پانی دیا جا رہا ہے۔ ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ خریف سیزن کے لیے پانی کی کمی کا تخمینہ 43 فیصد سے کم ہو کر اب 27 فیصد رہ گیا ہے، جو کہ ایک مثبت پیش رفت ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیر برائے آبی وسائل، میاں معین وٹو نے کہا ہے کہ ہر صوبہ اپنے حصے کے پانی کو اپنی ضروریات کے مطابق استعمال کرنے کا اختیار رکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ چولستان میں تعمیر کی جانے والی نئی نہر پر اعتراضات دراصل غلط فہمیوں اور مشاورت کی کمی کا نتیجہ ہیں، تاہم تمام فریقین کے درمیان بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ یہ معاملہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔