اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ شیخ عبداللہ بن زاید نے دفتر خارجہ کا دورہ کیا جہاں ان کی ملاقات نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ہوئی۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال ہوا۔
اس اہم موقع پر پاکستان اور یو اے ای کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی یادداشتوں پر دستخط بھی کیے گئے۔ قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن اور متحدہ عرب امارات کی وزارت ثقافت کے مابین ثقافتی تعاون کے معاہدے پر دستخط ہوئے۔
مزید برآں، دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان قونصلر امور کے لیے مشترکہ کمیٹی کے قیام اور یو اے ای-پاکستان مشترکہ بزنس کونسل کے قیام پر بھی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔ بزنس کونسل کے قیام کے لیے تعاون فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اور یو اے ای ایوان صنعت و تجارت کے درمیان طے پایا۔
اسحاق ڈار نے معزز مہمان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور یو اے ای کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات ہیں، اور متعدد شعبوں میں دونوں ممالک مشترکہ طور پر کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ اماراتی وفد کا یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔
شیخ عبداللہ بن زاید نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ پاکستانی عوام نے یو اے ای کی ترقی میں کلیدی کردار ادا کیا ہے اور ان کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔