کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 میں کراچی کنگز کی نمائندگی کرنے والے فاسٹ بولر حسن علی نے کہا ہے کہ ان کا مقصد صرف ذاتی کارکردگی نہیں بلکہ ٹیم کو فتح دلانا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ٹورنامنٹ کے بہترین بولر بننے کا خواب رکھتے ہیں، تاہم ٹیم کی جیت ان کے لیے اولین ترجیح ہے۔
حسن علی نے اپنی حالیہ کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “وکٹیں مل رہی ہیں، میں اپنی کارکردگی سے خوش ہوں۔ این سی اے میں محنت کی، نیشنل ٹی ٹوئنٹی اور اب پی ایس ایل میں اس کا صلہ ملا۔”
حسن علی نے اپنی فٹنس، ڈائٹ اور انجری سے متعلق محنت کا بھی ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا، “میں نے بولنگ میں بہتری لائی، ڈائٹ میں بھی تبدیلی کی، لیکن روٹی گینگ ختم نہیں کیا، اور نہ ہی کبھی ہوگا۔” انہوں نے بتایا کہ اہلیہ کی مدد سے غذائی عادات بہتر ہوئیں اور اب وہ خود کو زیادہ تروتازہ محسوس کرتے ہیں۔
حسن علی نے پی ایس ایل کو ایک یادگار سفر قرار دیتے ہوئے کہا کہ “ایک ایمرجنگ پلیئر سے آغاز کیا، فائنل جیتا، پی ایس ایل نے میرے کیریئر کو نئی راہ دی۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے بعد یہ لیگ انٹرنیشنل سطح پر کھیلنے میں آسانی کا ذریعہ بنی۔”
انہوں نے اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ دوبارہ قومی ٹیم کے لیے کھیلیں۔ “میں ابھی صرف 30 سال کا ہوں، ابھی بہت کرکٹ باقی ہے۔ کارکردگی دکھاؤں گا تو ٹیم میں جگہ بھی بنے گی۔”
کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر سے متعلق حسن علی نے کہا کہ ان کی کپتانی میں بہت کچھ سیکھنے کو مل رہا ہے۔ “اگر کبھی موقع ملا تو میں بھی کپتانی کی ذمہ داری بخوشی قبول کروں گا۔”