پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں

پاکستان کی ٹیکسٹائل برآمدات تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں 0

اسلام آباد: پاکستان کے ٹیکسٹائل سیکٹر نے برآمدات کے میدان میں نئی تاریخ رقم کر دی ہے۔ جولائی 2024 سے مارچ 2025 کے دوران ٹیکسٹائل برآمدات میں 9.38 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد مجموعی برآمدات 13.613 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہیں، جو کہ ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اس سنگ میل کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل برآمدات میں اضافہ نہ صرف قومی معیشت کے لیے حوصلہ افزا ہے بلکہ حکومتی معاشی پالیسیوں کی درست سمت کی بھی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ یہ کامیابی حکومت اور نجی شعبے کی مشترکہ کوششوں کا نتیجہ ہے، اور حکومت اس رفتار کو مزید تیز کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار دوست ماحول کی فراہمی اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی ہماری اولین ترجیح ہے تاکہ پاکستان کی برآمدات میں مسلسل اضافہ ممکن ہو۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ملکی معیشت کی بہتری کے لیے حکومتی ٹیم دن رات محنت کر رہی ہے، اور آئندہ بھی ایسے اقدامات کیے جائیں گے جن سے پیداواری شعبہ مستحکم ہو اور بین الاقوامی منڈیوں میں پاکستان کا حصہ مزید بڑھایا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں