کراچی: شہر قائد میں جرائم پیشہ عناصر کے حوصلے اس قدر بلند ہو چکے ہیں کہ اب پولیس تھانے بھی محفوظ نہیں رہے۔ کورنگی کے علاقے میں واقع الفلاح تھانے کے گیٹ سے ایک شہری کی موٹرسائیکل چوری ہونے کا واقعہ سامنے آیا ہے، جس نے پولیس کی کارکردگی اور سیکیورٹی انتظامات پر سنجیدہ سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق، شہری شاہد اقبال اپنی موٹرسائیکل تھانے کے گیٹ کے باہر کھڑی کر کے پولیس اہلکار سے ملاقات کے لیے تھانے کے اندر گیا تھا۔ واپسی پر جب وہ باہر آیا تو موٹرسائیکل غائب تھی، جس پر فوری طور پر تھانے میں ہلچل مچ گئی۔ پولیس نے فوری طور پر سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا جس میں حیران کن انکشافات سامنے آئے۔
فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ چوری کرنے والا ملزم پہلے تھانے میں داخل ہوا اور ڈیوٹی افسر کے کمرے میں جا کر ملاقات کے بہانے سلام دعا کی۔ اس کے بعد وہ باہر آیا اور موقع دیکھ کر شہری کی موٹرسائیکل چوری کر کے فرار ہو گیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کی شناخت کے لیے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد لی جا رہی ہے اور اس کی تلاش جاری ہے۔ واقعے نے پولیس تھانے کی اندرونی سیکیورٹی پر سنگین سوالات اٹھا دیے ہیں، جہاں چور نہ صرف بغیر کسی رکاوٹ کے داخل ہوا بلکہ موٹرسائیکل چوری کر کے باآسانی فرار بھی ہو گیا۔