وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے

وزیراعظم شہباز شریف دو روزہ دورے پر ترکیہ پہنچ گئے 0

انقرہ: وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان کی دعوت پر دو روزہ سرکاری دورے پر انقرہ پہنچ گئے۔ انقرہ ایئرپورٹ پر ترک وزیر دفاع نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی گورنر، صدر پاک ترک کلچرل ایسوسی ایشن اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

وزیراعظم کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی ترکیہ روانہ ہوا ہے، جس میں وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی برائے امور خارجہ طارق فاطمی شامل ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اپنے قیام کے دوران ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے اہم ملاقات کریں گے جس میں دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، اور علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

پاکستان اور ترکیہ دیرینہ اتحادی اور اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، جو باقاعدگی سے اعلیٰ سطحی ملاقاتوں کے ذریعے اپنے تعلقات کو مزید مضبوط کرتے آ رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کے لیے “اعلیٰ سطحی اسٹریٹجک تعاون کونسل” (HLSCC) کا ادارہ جاتی نظام موجود ہے۔

ایچ ایل ایس سی سی کا ساتواں اجلاس رواں سال 12 اور 13 فروری کو اسلام آباد میں منعقد ہوا تھا، جس کی صدارت وزیراعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان نے مشترکہ طور پر کی تھی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں