لاہور: لاہور پولیس نے ایک اہم کارروائی کرتے ہوئے پنجاب یونیورسٹی میں آئس سپلائی کرنے کی کوشش کرنے والے سابق پولیس اہلکار کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ملزم اعجاز کچھ عرصہ قبل ہی کلوز لائن کیا جا چکا تھا۔
ذرائع کے مطابق اہلکار اعجاز علی وردی پہن کر جامعہ میں منشیات لے جانے کی کوشش کر رہا تھا، تاہم انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر اقبال ٹاؤن پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو دھر لیا۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس نیٹ ورک میں شامل دیگر افراد کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار ہونے والا ملزم انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات رہا ہے۔
ترجمان لاہور پولیس فیصل کامران کے مطابق وردی کی آڑ میں جرم کرنے والوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک پولیس اہلکار کی غلطی پوری فورس کی بدنامی کا باعث بنتی ہے، اسی لیے اندرونی احتساب اور نگرانی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا رہا ہے۔