ملک اور عوام کو اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی دونوں کی ضرورت ہے:عمران خان

ملک اور عوام کو اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی دونوں کی ضرورت ہے:عمران خان 0

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ملک کو موجودہ بحرانوں سے نکالنے کے لیے اسٹیبلشمنٹ اور پی ٹی آئی دونوں کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو کچلنے کی کوشش میں ملک کو “بنانا ریپبلک” بنا دیا گیا ہے اور عدلیہ سمیت تمام ادارے تباہ کر دیے گئے ہیں۔

یہ بات انہوں نے اڈیالہ جیل میں اپنے وکلا سے ملاقات کے دوران کہی۔ ایڈووکیٹ فیصل چوہدری نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان کی صحت تسلی بخش ہے اور انہیں پارٹی امور سے مکمل آگاہی دی گئی ہے۔ ملاقات کے دوران عمران خان کو بتایا گیا کہ ان کی بہنوں اور پارٹی رہنماؤں کو ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

فیصل چوہدری نے بتایا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر عمران خان نے قانونی و سیاسی لائحہ عمل کے حوالے سے ہدایات دیں اور کہا کہ لیگل کمیٹی چیف جسٹس کو خط لکھے گی کیونکہ عدالتوں میں پی ٹی آئی کے کیسز کو نظرانداز کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے مائنز اینڈ منرلز بل کو متنازع قرار دیتے ہوئے خیبرپختونخوا کی قیادت کو بریفنگ دینے کی ہدایت کی، اور کہا کہ عوام کو اعتماد میں لینا ضروری ہے ورنہ مسائل پیدا ہو سکتے ہیں۔

افغانستان اور دہشتگردی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ان کی حکومت نے امن کے لیے تین سال کی کوشش کی لیکن موجودہ حکومت نے وقت ضائع کیا، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کا نقصان ہوا اور سیکیورٹی فورسز کو نقصان اٹھانا پڑا۔

سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ نہ ہونے کی بڑی وجہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے۔ زرمبادلہ کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور سرمایہ کاری صرف تب آتی ہے جب انصاف اور ادارے مضبوط ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں