عمران خان سے امریکی وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، سلمان اکرم راجہ

عمران خان سے امریکی وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی، سلمان اکرم راجہ 0

راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکرٹری سلمان اکرم راجہ نے واضح کیا ہے کہ عمران خان سے امریکی وفد کی کوئی ملاقات نہیں ہوئی اور نہ ہی کوئی بیک ڈور بات چیت جاری ہے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کے رویے کو “بچگانہ جبر” قرار دیتے ہوئے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ عمران خان سے ملاقات نہ کرانا غیر سنجیدہ اور امتیازی عمل ہے، جس کا جواب انتظامیہ کو دینا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ فیصل چوہدری بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کر چکے ہیں جبکہ باقی رہنماؤں اور خان کی بہنوں کو تین ہفتوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔

سلمان اکرم راجہ کا کہنا تھا کہ آئینی اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی جا رہی ہیں، عمران خان کو قیدِ تنہائی میں رکھنے کی کوششیں بچگانہ رویہ ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ اقدامات صرف سیاسی انتقام کا حصہ ہیں۔

پی ٹی آئی جنرل سیکرٹری نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ کسی امریکی وفد نے عمران خان سے ملاقات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی انفرادی سطح پر رابطے کرتا ہے تو انہیں اس کا علم نہیں۔

پارٹی معاملات پر بات کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کچھ افراد پارٹی کو اسکول کی طرح چلانے کی بات کرتے ہیں، جو سنجیدہ لینے کے لائق نہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ عدلیہ اپنے فیصلوں پر عملدرآمد یقینی بنائے، اور پی ٹی آئی قانونی طریقے سے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ایڈووکیٹ فیصل ملک کو بانی پی ٹی آئی نے اہم قانونی و سیاسی امور پر ہدایات دی ہیں، جن کی تفصیلات جلد سامنے لائی جائیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں