پی ایس ایل 10: ملتان سلطانز کی پہلی فتح، لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست

پی ایس ایل 10: ملتان سلطانز کی پہلی فتح، لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست 0

ملتان: ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 10 کے بارہویں میچ میں ملتان سلطانز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لاہور قلندرز کو 33 رنز سے شکست دے کر ایونٹ میں پہلی کامیابی اپنے نام کر لی۔

ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 228 رنز کا بڑا ہدف ترتیب دیا۔

ملتان کی جانب سے اوپنر یاسر خان نے جارحانہ اننگز کھیلتے ہوئے 44 گیندوں پر 87 رنز بنائے، جس میں 6 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے۔ افتخار احمد نے بھی عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے صرف 18 گیندوں پر 40 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جبکہ عثمان خان نے 39 اور محمد رضوان نے 32 رنز بنائے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے رشاد حسین نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ شاہین شاہ آفریدی، آصف آفریدی اور سکندر رضا کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

229 رنز کے تعاقب میں لاہور قلندرز کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل نہ کر سکی اور 20 اوورز میں 195 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی۔ سکندر رضا نے قلندرز کی جانب سے سب سے زیادہ 50 رنز بنائے، سیم بلنگز نے 43 اور فخر زمان نے 32 رنز کی اننگز کھیلی۔

ملتان سلطانز کی جانب سے نوجوان باؤلر عبید شاہ نے 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ بریس ویل اور اسامہ میر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔

یہ فتح پی ایس ایل 10 میں ملتان سلطانز کی چار میچز میں پہلی کامیابی ہے، جبکہ لاہور قلندرز چار میچز میں اب تک صرف چار پوائنٹس حاصل کر سکے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں