وفاق کا دورہ افغانستان میرے پلان کے مطابق نہیں تھا، علی امین گنڈاپور

وفاق کا دورہ افغانستان میرے پلان کے مطابق نہیں تھا، علی امین گنڈاپور 0

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے وفاقی حکومت کے افغانستان کے حالیہ دورے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دورہ ان کے منصوبے کے مطابق نہیں تھا اور نہ ہی خیبرپختونخوا حکومت کو اعتماد میں لیا گیا۔

پیر کے روز پیراپلیجک سینٹر کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وفاقی وفد محض “کوٹ پینٹ پہن کر” افغانستان گیا، اور انہیں نہیں معلوم کہ وفد نے وہاں جا کر کن معاملات پر بات چیت کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خیبرپختونخوا کو اس تمام عمل سے الگ رکھ کر کی گئی کوئی بھی بات چیت سودمند نہیں ہو سکتی۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وہ اپنے صوبے کے مفادات کے نگہبان ہیں اور وفاقی حکومت کو چاہیئے کہ وہ سیاسی پوائنٹ اسکورنگ ضرور کرے، لیکن اتنے اہم قومی اور بین الاقوامی معاملات میں خیبرپختونخوا کو نظرانداز نہ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر صوبے کو مشاورت میں شامل نہ کیا گیا تو بین الاقوامی سطح پر ہونے والے مذاکرات کا کوئی حقیقی فائدہ نہیں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا براہ راست افغان سرحد سے منسلک ہے، اس لیے ایسے کسی بھی دورے یا مذاکرات میں صوبائی حکومت کی شمولیت نہایت اہم ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں