کینالز منصوبے کے خلاف سندھ میں احتجاج چھٹے روز بھی جاری، نظام زندگی مفلوج

کینالز منصوبے کے خلاف سندھ میں احتجاج چھٹے روز بھی جاری، نظام زندگی مفلوج 0

سندھ: متنازع کینالز منصوبے کے خلاف صوبے بھر میں احتجاجی دھرنے اور ریلیوں کا سلسلہ چھٹے روز بھی جاری ہے، جس کے باعث نظام زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔ خیرپور کے ببرلو بائی پاس پر وکلا برادری کے دھرنے نے ہزاروں مال بردار گاڑیوں کو روک رکھا ہے، جن میں موجود سبزیاں، پھل اور دیگر اشیائے خورونوش خراب ہونا شروع ہو گئی ہیں۔

ذرائع کے مطابق صرف خیرپور ہی نہیں بلکہ میرپورخاص، گھوٹکی، پنوعاقل، ٹھٹھہ، مکلی، گھارو اور قمبر شہدادکوٹ سمیت دیگر اضلاع میں بھی مختلف مقامات پر دھرنے دیے جا رہے ہیں، جس سے قومی شاہراہوں پر ٹریفک معطل ہو کر رہ گئی ہے۔

احتجاجی مظاہرین نے پنجاب جانے والے ٹرکوں کو روک دیا ہے جبکہ گھوٹکی اور پنوعاقل میں پیٹرول کی قلت نے بحران کی شکل اختیار کر لی ہے۔ ڈہرکی اور سکھر میں گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں جبکہ نیشنل ہائی وے پر ٹریفک مکمل جام ہے۔

مظاہرین کا کہنا ہے کہ دھرنوں کی وجہ سے اشیائے خوردونوش خراب ہو رہی ہیں اور مویشی بھوک اور پیاس سے نڈھال ہو گئے ہیں۔ نوشہرو فیروز میں ہوٹل مالکان نے کھانے پینے کی اشیاء کی قیمتیں دگنی کر دی ہیں، جس سے عوام کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ جب تک متنازع کینالز منصوبے کو مکمل طور پر ختم نہیں کیا جاتا، احتجاج کا سلسلہ جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں