حج سیزن کا آغاز: مکہ مکرمہ میں بغیر پرمٹ داخلے پر پابندی نافذ

حج سیزن کا آغاز: مکہ مکرمہ میں بغیر پرمٹ داخلے پر پابندی نافذ 0

سعودی عرب میں حج سیزن کا باضابطہ آغاز ہو چکا ہے اور اسی سلسلے میں بدھ 23 اپریل سے مکہ مکرمہ میں بغیر پرمٹ داخلے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ سعودی وزارت داخلہ نے واضح کیا ہے کہ صرف ان افراد کو شہر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی جن کے پاس حج پرمٹ، مکہ مکرمہ میں کام کا باقاعدہ اجازت نامہ، یا مکہ مکرمہ سے جاری شدہ اقامہ موجود ہوگا۔

سعودی محکمہ پاسپورٹ و امیگریشن “جوازات” کے مطابق وزارت داخلہ نے اجازت ناموں کے اجرا کے لیے “تصریح پورٹل” متعارف کروایا ہے، جو “ابشر” اور “مقیم” پلیٹ فارمز پر دستیاب ہے۔ اس اقدام کا مقصد حج کے ضوابط پر مؤثر عمل درآمد کو یقینی بنانا اور غیر مجاز افراد کی داخلے کو روکنا ہے۔

وزارت داخلہ کے مطابق وہ افراد جو مذکورہ ہدایات کی خلاف ورزی کریں گے، انہیں سیکیورٹی چیک پوائنٹس سے واپس بھیج دیا جائے گا اور ان پر قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔

دوسری جانب سعودی وزارت حج نے دنیا بھر سے آنے والے عمرہ زائرین کو متنبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ویزے کی مدت ختم ہونے سے قبل واپس روانہ ہو جائیں۔ وزارت نے واضح طور پر کہا ہے کہ عمرہ ویزے پر آنے والے افراد کو حج کی ادائیگی کی اجازت ہرگز نہیں دی جائے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں