پاک بھارت کشیدگی کے اثرات، پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار

پاک بھارت کشیدگی کے اثرات، پاکستان اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کا شکار 0

پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی نے ملکی معیشت اور سرمایہ کاری کے ماحول پر منفی اثرات ڈالنا شروع کر دیے ہیں۔ جمعرات کے روز کاروباری ہفتے کے آغاز پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج شدید مندی کا شکار نظر آئی، جب کے ایس ای-100 انڈیکس ابتدائی گھنٹوں میں 2,500 پوائنٹس سے زائد گر گیا۔

مارکیٹ میں گیارہ بجے کے قریب قدرے بہتری آئی، تاہم اب بھی انڈیکس میں 1,000 سے زائد پوائنٹس کی کمی ریکارڈ کی گئی، اور انڈیکس 1 لاکھ 16 ہزار 200 کی سطح پر ٹریڈ کر رہا تھا، جو کہ گزشتہ روز 1 لاکھ 17 ہزار 226.15 پر بند ہوا تھا۔

ماہرین کے مطابق، پاک بھارت کشیدگی نے سرمایہ کاروں میں شدید بے چینی پیدا کر دی ہے۔ خاص طور پر بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی یکطرفہ معطلی اور پاکستان پر حملے کا الزام لگائے جانے کے بعد صورتحال مزید سنگین ہو گئی ہے۔

واقعہ مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آیا، جہاں سیاحوں پر دہشتگرد حملے میں 26 افراد ہلاک ہوئے۔ بھارت نے اس واقعے کا الزام براہ راست پاکستان پر عائد کیا، جس کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تناؤ میں اضافہ ہوا۔

بین الاقوامی سطح پر بھی غیر یقینی صورتحال نے پاکستان کی مالیاتی منڈی کو متاثر کیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول پر تنقید اور پھر متضاد بیانات نے عالمی سرمایہ کاروں میں الجھن پیدا کر دی ہے۔

اسی طرح امریکا اور چین کے درمیان جاری تجارتی کشمکش میں ٹیرف میں نرمی سے متعلق بھی متضاد اطلاعات سامنے آ رہی ہیں، جس نے عالمی منڈیوں پر اثر ڈالا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں