اسلام آباد – وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے درمیان آج شام اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں وفاقی حکومت کے نہری منصوبوں اور سندھ حکومت کے تحفظات پر تفصیلی گفتگو ہوگی۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ بھی ملاقات میں شریک ہوں گے۔ بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ آج شام اسلام آباد پہنچیں گے اور وزیراعظم سے ملاقات کریں گے۔ اس اہم مشاورتی سیشن میں سندھ حکومت کی جانب سے دریائے سندھ پر مجوزہ کینالز منصوبے پر سخت تحفظات پر بات کی جائے گی۔
وفاقی حکومت کی جانب سے متوقع نہری منصوبوں کے کسی بڑے اعلان سے قبل یہ ملاقات فیصلہ کن حیثیت اختیار کر چکی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق وزیراعظم اس ملاقات میں بلاول بھٹو کو تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرا سکتے ہیں، تاکہ مرکز و صوبے کے درمیان ہم آہنگی قائم رہے۔
ذرائع بتاتے ہیں کہ پیپلز پارٹی نے صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے ایک اہم اجلاس بھی طلب کر لیا ہے، جس میں پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سینئر قیادت کو اسلام آباد طلب کیا ہے۔ اجلاس میں نہ صرف مجوزہ منصوبوں بلکہ موجودہ سیاسی و علاقائی صورتحال پر بھی مشاورت کی جائے گی۔