اسلام آباد – ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا ہے کہ بھارت کے حالیہ جارحانہ اور یکطرفہ اقدامات نے ایک بار پھر دو قومی نظریے کی سچائی کو ثابت کر دیا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے اپنی فضائی حدود بھارتی پروازوں کے لیے بند کر دی ہے، جبکہ مسلح افواج ہر قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے مکمل تیار ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ بھارت نے یکطرفہ طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کیا ہے، جس سے خطے کے امن و استحکام کو سنگین خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔
واہگہ بارڈر پر ہر قسم کی آمد و رفت بند کر دی گئی ہے، جبکہ سارک اسکیم کے تحت جاری کردہ تمام بھارتی ویزا بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔ تاہم سکھ یاتریوں کو اس پابندی سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ پاکستان میں موجود بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد کم کر کے 30 کر دی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پاکستان کی فضائی حدود کی مکمل بندش کا فیصلہ بھی نافذ العمل ہو چکا ہے۔
ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج مکمل طور پر تیار ہیں اور قومی سلامتی کے کسی بھی پہلو پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں بھارت کو بھرپور جواب دیا گیا۔
ترجمان نے وزیر اعظم کے حالیہ ترکیہ کے دورے اور متحدہ عرب امارات کے نائب وزیر اعظم کے پاکستان کے دورے کا بھی ذکر کیا، اور کہا کہ دونوں ملاقاتیں خوشگوار اور تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم ثابت ہوئیں۔