سینیٹ میں بھارت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور، مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم

سینیٹ میں بھارت کے خلاف متفقہ قرارداد منظور، مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دینے کا عزم 0

اسلام آباد – سینیٹ آف پاکستان نے بھارت کے خلاف شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے متفقہ طور پر مذمتی قرارداد منظور کر لی، جس میں بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا گیا کہ کسی بھی قسم کی مہم جوئی کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اجلاس میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے بھارت سے تمام تجارتی تعلقات معطل کر دیے ہیں جبکہ واہگہ بارڈر اور بھارتیوں کے ویزے منسوخ کرنے جیسے سخت اقدامات بھی اٹھا لیے گئے ہیں۔

اس موقع پر ایوان میں سیاسی قیادت کا غیر معمولی اتفاق رائے دیکھنے میں آیا۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ سینیٹ کی یہ قرارداد دشمن کو واضح پیغام دیتی ہے کہ پاکستان متحد ہے، جبکہ سینیٹر شیری رحمان نے بھارت کو آبی دہشتگردی، دہشتگردوں کی پشت پناہی اور اقلیتوں کے خلاف اقدامات پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ بھارت کی بدنیتی پر مبنی پالیسیوں نے علاقائی امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بھارتی الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان امن چاہتا ہے لیکن اگر جنگ مسلط کی گئی تو ہر قیمت پر وطن کا دفاع کیا جائے گا۔ اُن کا کہنا تھا کہ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی ناقابلِ قبول ہے اور پاکستان اسے ہر فورم پر چیلنج کرے گا۔ اس کے علاوہ فضائی حدود بند کرنے، بھارتی ہائی کمیشن کے عملے کی تعداد محدود کرنے، اور دفاعی اتاشیوں کو ناپسندیدہ قرار دینے جیسے اقدامات کا بھی اعلان کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں