اسلام آباد – وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی سطح پر بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں علاقائی تجارت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں بدلتے ہوئے معاشی حالات اور ان کے مختلف ممالک پر مرتب ہونے والے اثرات کے پیش نظر ہمیں باہمی تجارت کو مستحکم کرنا ہوگا۔
وزیر خزانہ نے ان خیالات کا اظہار انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ (IMF) کے ایک اہم مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں علاقائی تعاون، مشترکہ مفادات اور تجارت کے مواقع کو بروئے کار لا کر پائیدار ترقی حاصل کی جا سکتی ہے۔
دورۂ واشنگٹن کے دوران سینیٹر محمد اورنگزیب نے انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کے منیجنگ ڈائریکٹر مختار دیوپ اور ان کی ٹیم سے ملاقات کی، جہاں انہوں نے پاکستان کی معاشی کارکردگی، بہتری آتے ہوئے معاشی اشاریے اور فِچ کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کے بارے میں تفصیلات فراہم کیں۔
وزیر خزانہ نے امریکا کی انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ فنانس کارپوریشن کے قائم مقام سی ای او سے بھی ملاقات کی اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور مالیاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا۔ مزید برآں، انہوں نے جے پی مورگن چیز کے سینئر مینجمنٹ سے بھی ملاقات کی جس میں عالمی سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو ہوئی۔
محمد اورنگزیب نے برطانوی وزیر مملکت برائے عالمی ترقی بیرونیس چیپ مین سے ملاقات کی، جبکہ ایگزم بینک کے اعلیٰ نمائندگان کے ساتھ تجارتی تعلقات کو وسعت دینے پر بھی بات چیت کی۔