مانسہرہ – خیبر پختونخوا کا معروف تفریحی مقام ناران 5 ماہ کی طویل بندش کے بعد ایک بار پھر سیاحوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔ برفباری اور شدید موسم کے باعث بند ہونے والے راستوں کو نیشنل ہائی ویز اتھارٹی (NHA) نے ریکارڈ وقت میں کلیئر کر کے ناران کی سڑکوں پر زندگی کی چہل پہل واپس لے آئی ہے۔
این ایچ اے حکام کے مطابق، کاغان سے ناران تک کے راستے میں موجود چھوٹے بڑے 7 گلیشیئرز کو ہٹانے کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا ہے۔ راستے کھلتے ہی ناران میں سیاحوں کی آمد شروع ہو گئی ہے، جس سے مقامی ہوٹلوں اور کاروباروں میں بھی رونق لوٹ آئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ اگلے مرحلے میں بابو سر ٹاپ تک راستہ کھولنے کی تیاریاں جاری ہیں اور توقع ہے کہ آئندہ دو ہفتوں میں یہ اہم راستہ بھی کھول کر گلگت بلتستان تک مکمل رسائی فراہم کر دی جائے گی۔ اس پیشرفت سے شمالی علاقہ جات کی سیر کے خواہش مند سیاحوں کے لیے نیا سفر آسان اور خوشگوار بن جائے گا۔