اسلام آباد – مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں پیش آنے والے واقعے کے بعد سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی ہم منصب اسحاق ڈار سے ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار نے سعودی وزیر خارجہ کو قومی سلامتی کمیٹی کے حالیہ فیصلوں سے آگاہ کیا، جو بھارت کی جانب سے یکطرفہ اور اشتعال انگیز اقدامات کے تناظر میں کیے گئے۔ اسحاق ڈار نے بھارت کے بے بنیاد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا کہ کسی بھی ممکنہ بھارتی جارحیت کا پاکستان بھرپور اور مؤثر جواب دے گا۔
پاکستانی وزیر خارجہ نے کہا کہ بھارت کی جانب سے الزامات کا مقصد داخلی ناکامیوں سے توجہ ہٹانا اور خطے میں کشیدگی کو ہوا دینا ہے، جسے پاکستان ہر سطح پر بے نقاب کرے گا۔
علاوہ ازیں، وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے ایرانی ہم منصب سید عباس عراقچی سے بھی ٹیلی فونک گفتگو کی۔ اس موقع پر اسحاق ڈار نے ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات میں کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں پر زور دیا۔