لاہور: بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اعلان کے بعد پاکستان نے فوری ردعمل دیتے ہوئے انڈس واٹر کمیشن کے ذریعے معاملے کا تفصیلی جائزہ لینا شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق معاہدے کی معطلی کے مضمرات پر غور کے لیے وزارت خارجہ، وزارت آبی وسائل اور انڈس واٹر کمیشن کے ماہرین پر مشتمل ایک تھنک ٹینک قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تھنک ٹینک ہنگامی بنیادوں پر اپنی رائے مرتب کرکے کابینہ کو پیش کرے گا، جس کی روشنی میں وزیراعظم شہباز شریف آئندہ کی حکمت عملی طے کریں گے۔
انڈس واٹر کمیشن کا مؤقف ہے کہ پاکستان کی قانونی اور آئینی پوزیشن بھارت کے مقابلے میں انتہائی مضبوط ہے اور بھارت نے سندھ طاس معاہدے سے ہٹ کر یکطرفہ اور غیر ذمہ دارانہ قدم اٹھایا ہے۔