مظفرآباد: بھارت کی جانب سے بغیر اطلاع دیے دریائے جہلم میں پانی چھوڑنے کے بعد مظفرآباد کے علاقے ہٹیاں بالا میں آبی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ اچانک پانی کی سطح بلند ہونے سے مقامی آبادی میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔
مقبوضہ کشمیر کے ضلع اننت ناگ سے نکل کر اڑی کے راستے چکوٹھی میں داخل ہونے والے دریائے جہلم میں شدید طغیانی دیکھی گئی۔ پانی کی سطح میں اچانک اضافے کے بعد دریا کے کنارے آباد بستیوں میں ہنگامی اعلانات کیے گئے تاکہ مقامی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔
یاد رہے کہ مقبوضہ کشمیر کی وادی پہلگام میں سیاحوں پر حملے کے بعد بھارت نے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے سمیت متعدد اعلانات کیے تھے۔ سندھ طاس معاہدہ پاکستان اور بھارت کے درمیان واحد ایسا معاہدہ ہے جو تین بڑی جنگوں، کشمیر تنازعے اور 2002 کے فوجی بحران کے باوجود بھی برقرار رہا ہے۔
اس معاہدے کو دنیا بھر میں سرحد پار پانی کے تنازعات کے پرامن حل کی کامیاب مثال سمجھا جاتا ہے۔ پاکستان کی قومی سلامتی کمیٹی نے بھارتی اقدامات کے جواب میں کئی بین الاقوامی قانون کے تحت جائز جوابی اقدامات کا اعلان کیا ہے۔