لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بی ایل اے اور بھارتی خفیہ ایجنسی ”را“ دو نہیں بلکہ ایک ہی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان پہلگام واقعے کی شفاف اور غیرجانبدار تحقیقات کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا کیونکہ ہم اس ڈرامے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرنا چاہتے ہیں۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارت نے کبھی پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو دیکھنا ہوگا کہ اصل دہشت گرد کون ہے۔ وفاقی وزیر کے مطابق پابندیوں کا نقصان بھارت کو اور فائدہ پاکستان کو ہو رہا ہے۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے جو دہشت گردی کی ہر سطح پر مذمت کرتا ہے۔ ان کے مطابق پاکستان کی معاشی ترقی بھارت سے ہضم نہیں ہو رہی، یہی وجہ ہے کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کو ہوا دینے کی سازشیں کر رہا ہے۔
محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ پاکستان نے بھارتی منصوبے کے تحت 7 دھماکوں کی سازش ناکام بنائی ہے۔ تین دن میں سات آئی ای ڈیز برآمد کر لی گئیں، جس سے بھارت کا پاکستان میں دہشت گردی کا ایجنڈا بے نقاب ہو گیا۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اتنے بڑے واقعے کی ایف آئی آر چند منٹوں میں درج کر لینا بھی کئی سوالات کو جنم دیتا ہے۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ بھارت دہشت گردوں کو اپنے میڈیا پر ہیرو بنا کر پیش کرتا ہے، جبکہ پاکستان نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ کشمیر ایک متنازع علاقہ ہے اور پاکستان اپنے اصولی مؤقف سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ ختم کرنے کا اختیار نہیں رکھتا اور اگر بھارت کوئی اقدام کرتا ہے تو پاکستان مکمل طور پر تیار ہے۔
نیوز کانفرنس کے دوران محسن نقوی نے انکشاف کیا کہ اسرائیلی اہلکار مقبوضہ کشمیر میں اترے ہیں، جو خطے کی صورتحال کو مزید پیچیدہ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ بھارت کے خلاف پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔