پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دے دی

پی ایس ایل 10 لاہور قلندرز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو شکست دے دی 0

لاہور: قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 10 کے 16 ویں میچ میں لاہور قلندرز نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 5 وکٹوں سے شکست دے دی۔ لاہور قلندرز نے 186 رنز کا ہدف 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔

لاہور قلندرز کی جانب سے ڈیرل مچل نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 64 رنز بنائے اور ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ سکندر رضا نے بھی ذمہ دارانہ اننگز کھیلتے ہوئے 39 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔ دیگر بیٹسمینوں میں عبداللہ شفیق نے 34، فخر زمان نے 28، محمد نعیم نے 6 جبکہ سیم بلنگز بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔

ملتان سلطانز کی طرف سے عبید شاہ نے سب سے زیادہ 2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ محمد حسنین، جوش لٹل اور عاکف جاوید نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

اس سے قبل میچ کے آغاز میں لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کو بیٹنگ کی دعوت دی۔ ملتان سلطانز نے مقررہ 20 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔ کپتان محمد رضوان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 76 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی جبکہ کامران غلام نے بھی بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 52 رنز ناٹ آؤٹ بنائے۔ دیگر بیٹسمینوں میں یاسر خان نے 24، عثمان خان نے 18 اور شائے ہوپ نے 9 رنز اسکور کیے۔

لاہور قلندرز کی جانب سے بولنگ میں ٹام کرن، حارث رؤف اور ڈیرل مچل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں