اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے مشترکہ مفادات کونسل (سی سی آئی) کا اجلاس آج شام طلب کر لیا ہے۔ ذرائع کے مطابق یہ اجلاس دراصل دو مئی کو ہونا تھا تاہم سندھ حکومت کی درخواست پر اس کی تاریخ میں تبدیلی کی گئی۔
اجلاس میں نئی نہریں نکالنے کے معاملے پر تفصیلی غور کیا جائے گا۔ سندھ کے سینئر وزیر شرجیل میمن نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ آج سی سی آئی کے اجلاس میں کینالز کے مسئلے کا فیصلہ متوقع ہے اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اجلاس میں سندھ کی نمائندگی کریں گے۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان اتفاق رائے کے تحت فیصلے ہوں گے اور امید ہے کہ کینالز کی تعمیر کا تنازعہ خوش اسلوبی سے حل ہو جائے گا۔
یاد رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چند روز قبل پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد سے ملاقات کے بعد بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ متنازع نہریں بنانے کا معاملہ مشترکہ مفادات کونسل میں لے جایا جائے گا اور باہمی رضامندی تک کسی نہر کی تعمیر شروع نہیں ہوگی۔