لاہور: پاکستان سپر لیگ سیزن 10 کے 17 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے پشاور زلمی کو 64 رنز کے واضح مارجن سے شکست دے دی۔ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے اس مقابلے میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 178 رنز کا مضبوط ہدف دیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے اننگز کا آغاز کپتان سعود شکیل اور فن ایلن نے کیا۔ 46 کے مجموعی اسکور پر فن ایلن 31 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد ریلی روسو نے 27 رنز، سعود شکیل اور کوشال مینڈس نے بالترتیب 32، 32 رنز اور مارک چیمین نے 33 رنز کی عمدہ اننگز کھیلیں۔ فہیم اشرف صرف ایک رن بنا سکے جبکہ حسن نواز نے 8 رنز اسکور کیے۔ پشاور زلمی کی جانب سے الرازی جوزف نے 3 وکٹیں، صائم ایوب نے 2 اور لک وڈ نے ایک وکٹ حاصل کی۔
179 رنز کے تعاقب میں پشاور زلمی کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی۔ پوری ٹیم محض 15.2 اوورز میں 114 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ حسین طلعت 39 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔ دیگر کھلاڑیوں میں بابر اعظم 12، صائم ایوب 5، ٹام کوہلر کیڈمور 5، محمد حارث 17، مچل اون 15، عبدالصمد 2، لک وڈ 8، سفیان مقیم 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ الرازی جوزف بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بولنگ میں فہیم اشرف نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں۔ خرم شہزاد نے 2 جبکہ محمد عامر، محمد وسیم اور ابرار احمد نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی اس جیت کے ساتھ ٹیم نے پی ایس ایل 10 میں اپنی پوزیشن مزید مستحکم کر لی ہے۔