واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ گولیاں چلانا بند کریں اور امن معاہدہ کریں۔ انہوں نے یہ بیان سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرتھ سوشل پر اپنی ایک پوسٹ میں دیا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے روس کی جانب سے جاری حملوں پر ناپسندیدگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملے غیر ضروری اور انتہائی غلط وقت پر کیے جا رہے ہیں۔ اپنے پیغام میں ٹرمپ نے روسی صدر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا: “ولادیمیر، روکو! پانچ ہزار فوجی ہر ہفتے مر رہے ہیں، آؤ امن معاہدے کو حتمی شکل دیں۔”
ٹرمپ نے اپنی پوسٹ میں زور دیا کہ جنگ کو فوری طور پر روکنا چاہیے اور مذاکرات کے ذریعے معاملات کو حل کیا جانا چاہیے تاکہ مزید انسانی جانوں کا ضیاع نہ ہو۔
دوسری جانب امریکی محکمہ دفاع کے مطابق امریکا نے مارچ کے وسط سے یمن میں 800 سے زائد اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ان کارروائیوں میں سینکڑوں حوثی باغی جنگجو ہلاک ہوئے ہیں جن میں باغی گروپ کی قیادت کے کئی اہم ارکان بھی شامل ہیں۔