واشنگٹن: وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں، شراکت داروں اور ماہرین کو پاکستان کی ترقی کے سفر میں شامل ہونے کی دعوت دی ہے۔ وہ ہارورڈ یونیورسٹی میں پاکستان کانفرنس 2025 سے کلیدی خطاب کر رہے تھے۔
اپنے خطاب میں وزیر خزانہ نے ’’فاصلوں میں کمی اور مستقبل کی تعمیر: پاکستان میں شمولیتی ترقی اور حکمرانی کا راستہ‘‘ کے عنوان سے پاکستان کی معیشت میں ہونے والی مثبت تبدیلیوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے معیشت میں بحالی، ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے اور مالیاتی شعبے میں اصلاحات کے حوالے سے حکومت کے عزم پر روشنی ڈالی۔
سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان ایک اہم موڑ پر پہنچ چکا ہے جہاں معیشت بحالی اور پائیدار ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ایک ایسی معیشت کو سنبھالا جو شدید مشکلات کا شکار تھی، لیکن اب ہم ترقی کی نئی راہوں پر گامزن ہیں۔
وزیر خزانہ نے دنیا بھر کے سرمایہ کاروں پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں موجود مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اس ناقابل واپسی تبدیلی کے سفر کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے پرکشش مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔