کراچی: پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کے معروف اداکار حمزہ علی عباسی نے حالیہ پوڈکاسٹ میں ٹک ٹاکر رجب بٹ کے تنازع پر ایک اہم اور حیران کن تجویز پیش کی ہے۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے حمزہ نے مذہب، روحانیت اور معاشرتی رویوں پر کھل کر بات کی۔
حمزہ علی عباسی نے گفتگو کے دوران کہا کہ ہمارے معاشرے میں اکثر اوقات کسی کی بات کو غلط سمجھ لیا جاتا ہے یا نادانستہ طور پر کوئی ایسا بیان دیا جاتا ہے جس سے تنازع کھڑا ہو جاتا ہے۔ انہوں نے حالیہ رجب بٹ کیس کو اس کی مثال کے طور پر پیش کیا، جہاں ایک غلط فہمی کے نتیجے میں شدید ردعمل سامنے آیا اور رجب بٹ کو ملک چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا۔
حمزہ علی عباسی نے تجویز دی کہ عوام کو اپنے الفاظ کے چناؤ میں احتیاط کرنی چاہئے اور حساس موضوعات پر غیر ضروری گفتگو سے اجتناب برتنا چاہئے۔ ساتھ ہی مذہبی طبقے کو نرمی، درگزر اور معاف کرنے کا رویہ اپنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ اگر کوئی اپنی غلطی کا اعتراف کر کے معافی مانگ لے تو اسے معاف کر دینا ہی بہتر عمل ہے، تاکہ معاملات کو مزید الجھانے کے بجائے حل کی طرف بڑھا جا سکے۔ حمزہ کا کہنا تھا کہ معافی اور درگزر کا کلچر فروغ پا کر ہی معاشرے میں ہم آہنگی اور سکون آ سکتا ہے۔