اسلام آباد: لائن آف کنٹرول کے بھمبر سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے پاکستانی فضائی حدود کی خلاف ورزی کی ایک اور کوشش پاک فوج کی مستعدی سے ناکام بنا دی گئی۔ دشمن کا کواڈ کاپٹر پاکستانی علاقے میں داخل ہو کر جاسوسی کی کوشش کر رہا تھا جسے پاک فوج نے فوری کارروائی کرتے ہوئے مار گرایا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارتی کواڈ کاپٹر مناور کے مقام پر پاکستان کی حدود میں داخل ہوا، جہاں پاک فوج کی جانب سے فوری ردعمل دے کر اسے تباہ کر دیا گیا۔ واقعہ پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور ہمہ وقت دفاعی تیاری کا واضح ثبوت ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بھارتی فوج کی یہ کارروائی دانستہ طور پر خطے کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ایک کوشش تھی، لیکن پاک فوج ہر سطح پر ایسی حرکات کا بھرپور اور مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے۔