زیارت میں بڑی دہشتگردی کی کوشش ناکام، کالعدم تنظیم کے 7 دہشتگرد ہلاک

زیارت میں بڑی دہشتگردی کی کوشش ناکام، کالعدم تنظیم کے 7 دہشتگرد ہلاک 0

زیارت: بلوچستان کے حساس علاقے زیارت میں سیکیورٹی فورسز اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے ایک بڑی کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم کے سات دہشتگردوں کو ہلاک کر کے ایک اور بڑے حملے کو ناکام بنا دیا۔ یہ مشترکہ آپریشن چوتیر کے علاقے میں خفیہ اطلاع کی بنیاد پر کیا گیا، جس کے دوران خطرناک دہشتگردوں کے ساتھ شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام دہشتگرد ماضی میں سیکیورٹی فورسز پر حملوں، بدامنی پھیلانے اور تخریب کاری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ان کے خلاف پہلے سے انٹیلی جنس معلومات موجود تھیں، جن کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں جدید اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر حساس سامان برآمد کر لیا گیا۔

ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ آپریشن انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں مکمل کیا گیا اور خوش قسمتی سے کسی بھی سیکیورٹی اہلکار کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ یہ کامیاب کارروائی نہ صرف دہشتگردوں کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کا ثبوت ہے بلکہ بلوچستان میں جاری دہشتگردی کے خلاف ریاستی اداروں کے مضبوط عزم کی بھی عکاس ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں