راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے جیل سے اہم پیغام میں کہا ہے کہ بھارت کے خلاف پوری قوم متحد ہے، بھارت ہمیشہ فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے پاکستان پر جھوٹے الزامات عائد کرتا ہے۔
اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کے بعد ان کے وکیل فیصل چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ عمران خان نے بھارت کے حالیہ جارحانہ اقدامات کے تناظر میں کہا ہے کہ قوم کو متحد ہو کر دشمن کی سازشوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ “بھارت کے خلاف ہم سب متحد ہیں” اور قوم کو ایک واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے مفادات پر سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔
فیصل چوہدری کے مطابق عمران خان نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اہم فیصلوں میں کسی کو اعتماد میں نہیں لیا گیا، جبکہ حالیہ صورتحال نے پاکستانی قوم کو مودی حکومت کے خلاف یکجا کر دیا ہے۔
عمران خان نے اپنے وکیل کے ذریعے یہ بھی پیغام دیا کہ بھارت ہمیشہ کی طرح فالس فلیگ آپریشنز کر کے پاکستان پر الزامات لگاتا ہے، جیسا کہ ماضی میں 2019 میں بھی دیکھا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بھی انہوں نے بھارتی پراپیگنڈے کا بھرپور جواب دیا تھا اور اب بھی پاکستانی قوم کو متحد ہو کر اسی عزم کا اظہار کرنا چاہیے۔
عمران خان کی بہنوں کو جیل میں ملاقات کی اجازت نہ دیے جانے پر فیصل چوہدری نے سوال اٹھایا کہ یہ رویہ کس پیغام کا مظہر ہے؟ وکیل نے مزید واضح کیا کہ عمران خان کے کسی بھی فرد یا گروہ سے بیک ڈور مذاکرات نہیں ہو رہے اور جو لوگ مشکوک ملاقاتیں کر رہے ہیں، وہ ان کی ذاتی رائے یا ناراضگی ہو سکتی ہے۔
ملاقات کرنے والے وفد میں وکلاء عثمان ریاض گل، محمود جوئیہ اور ہارون نواز شامل تھے، جبکہ اہلخانہ کو ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر بانی چیئرمین کے قریبی حلقے میں تشویش پائی جاتی ہے۔
عمران خان نے قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ پاکستان کی خودمختاری اور سالمیت کے تحفظ کے لیے متحد رہیں اور دشمن کی چالوں کو ناکام بنانے کے لیے ہم آواز ہوں۔