لاہور: پاکستان اور بھارت نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ایک دن کے لیے واہگہ اور اٹاری بارڈر کو کھول کر دونوں ممالک میں پھنسے شہریوں کو وطن واپس جانے کی اجازت دی، تاہم واپسی کا عمل مکمل ہوتے ہی بارڈر کو دوبارہ بند کر دیا گیا۔
خصوصی اقدامات کے تحت کئی پاکستانی شہری جو بھارت میں مختلف وجوہات، جیسے شادی، سیاحت یا رشتہ داروں سے ملاقات کے لیے گئے تھے، آج اپنے وطن واپس پہنچے۔ اسی طرح بھارتی شہری بھی اپنے ملک واپس گئے۔ ان میں سے بیشتر نے پاکستان میں ملنے والی مہمان نوازی اور بھائی چارے کو سراہا اور پاکستانی عوام کے حسن سلوک کی تعریف کی۔
شہریوں نے دونوں حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ عوام کو سیاست کی بھینٹ چڑھانے کے بجائے باہمی روابط کو فروغ دیا جائے اور ایسے افراد کے لیے بارڈر کھولا جائے جو قانونی دستاویزات کے باوجود سرحد کے آر پار پھنس جاتے ہیں۔
آج صبح پاکستانی سفارت خانے کے اہلکار بھی واہگہ کے راستے وطن واپس پہنچے جبکہ بھارتی سفارتکاروں کا سامان لے جانے والے سات کنٹینرز بھی بھارت روانہ کیے گئے۔