کراچی: سونے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد آج مقامی اور عالمی مارکیٹ میں بڑی کمی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے بعد خریداروں کے چہروں پر خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ جیمز اینڈ جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق، آج 24 قیراط سونے کی فی تولہ قیمت میں 3,400 روپے کی کمی ہوئی، جس کے بعد نئی قیمت 3 لاکھ 45 ہزار 800 روپے ہوگئی۔ 24 قیراط 10 گرام سونے کی قیمت بھی 2,915 روپے کم ہو کر 2 لاکھ 96 ہزار 467 روپے پر آ گئی ہے، جبکہ 22 قیراط 10 گرام سونا 2 لاکھ 71 ہزار 771 روپے میں دستیاب ہے۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی۔ فی تولہ چاندی 70 روپے سستی ہو کر 3,427 روپے اور 10 گرام چاندی 60 روپے کی کمی کے بعد 2,938 روپے میں فروخت ہو رہی ہے۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ عالمی سطح پر سونا 34 ڈالر سستا ہو کر 3,276 ڈالر فی اونس پر آگیا ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز فی تولہ سونا پاکستان میں 2,100 روپے اور عالمی مارکیٹ میں فی اونس 21 ڈالر مہنگا ہوا تھا۔ تاہم، آج کی کمی نے سونے کی مسلسل بڑھتی ہوئی قیمتوں کے رجحان کو روک دیا ہے، جو سرمایہ کاروں اور خریداروں کے لیے اہم پیش رفت ہے۔