لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلہ دیش کے خلاف پانچ میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل سیریز کا باقاعدہ شیڈول جاری کر دیا ہے۔ مہمان ٹیم 21 مئی کو پاکستان پہنچے گی، جبکہ سیریز کا آغاز 25 مئی سے فیصل آباد میں ہوگا۔
پی سی بی کے مطابق، ابتدائی طور پر یہ دورہ تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل تھا، تاہم دونوں بورڈز نے باہمی مشاورت سے صرف ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کا فیصلہ کیا اور دو اضافی میچز شامل کرتے ہوئے ون ڈے میچز کو شیڈول سے نکال دیا گیا۔
سیریز کا مکمل شیڈول:
پہلا میچ: 25 مئی – فیصل آباد
دوسرا میچ: 27 مئی – فیصل آباد
تیسرا میچ: 30 مئی – لاہور
چوتھا میچ: 1 جون – لاہور
پانچواں میچ: 3 جون – لاہور
تمام میچز رات 8 بجے شروع ہوں گے۔
فیصل آباد کے کرکٹ مداحوں کے لیے خوشی کی بات یہ ہے کہ 17 سال بعد ان کا شہر دوبارہ بین الاقوامی کرکٹ کی میزبانی کرے گا۔ اس موقع پر شہر میں کرکٹ کا جوش و خروش عروج پر ہے اور شائقین میچز دیکھنے کے لیے بے تاب ہیں۔
یہ سیریز نہ صرف دونوں ٹیموں کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کا اہم حصہ ہوگی بلکہ پاکستانی شائقین کو ایک بار پھر اپنے میدانوں پر انٹرنیشنل ایکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔