لاہور: پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یکم مئی کو عالمی یوم مزدور نہایت عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس دن کا مقصد محنت کش طبقے کو درپیش مسائل اجاگر کرنا اور ان کے حقوق کے تحفظ کا عزم دہرانا ہے۔
یوم مزدور ہمیں اُن قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جو محنت کشوں نے اپنے بنیادی حقوق کے حصول کے لیے دیں۔ 1886ء میں امریکی شہر شکاگو میں مزدوروں نے 8 گھنٹے کام کے مطالبے پر آواز بلند کی تھی۔ بدقسمتی سے پولیس کی فائرنگ سے درجنوں مزدور شہید ہوئے اور کئی کو سزائے موت دے دی گئی۔ اسی جدوجہد کی یاد میں ہر سال یکم مئی کو یہ دن دنیا بھر میں منایا جاتا ہے۔
پاکستان میں باقاعدہ طور پر یوم مزدور منانے کا آغاز 1973ء میں ہوا، جب ذوالفقار علی بھٹو نے اس دن کو قومی سطح پر تسلیم کیا۔ تب سے آج تک یہ دن محنت کشوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے طور پر منایا جاتا ہے۔