پاکستانی سفیروں کی عالمی سطح پر سفارتی سرگرمیاں، بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کا مشن جاری

پاکستانی سفیروں کی عالمی سطح پر سفارتی سرگرمیاں، بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کا مشن جاری 0

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے پاکستان مخالف جھوٹے الزامات اور گمراہ کن پروپیگنڈے کے خلاف پاکستانی سفیر دنیا بھر میں متحرک ہو چکے ہیں۔ مختلف ممالک میں تعینات پاکستانی سفارتکار عالمی حکام اور ذرائع ابلاغ سے ملاقاتیں کر کے بھارتی بیانیے کو مؤثر انداز میں بے نقاب کر رہے ہیں۔

بیلجیئم میں پاکستان کے سفیر رحیم حیات قریشی نے یورپی یونین حکام سے ملاقات میں بھارت کے ممکنہ فالس فلیگ آپریشن اور بے بنیاد الزامات کے حوالے سے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ انہوں نے عالمی برادری کو خبردار کیا کہ بھارت کی ایسی چالیں خطے میں امن کے لیے خطرہ بن سکتی ہیں۔

ادھر امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے معروف بین الاقوامی جریدے نیوز ویک کو دیے گئے انٹرویو میں کہا کہ بھارت کے الزامات نہ صرف بے بنیاد ہیں بلکہ ان میں کسی قسم کا ثبوت بھی موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کو ایک ممکنہ فالس فلیگ آپریشن کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔ پاکستان کا ہمیشہ سے مؤقف رہا ہے کہ وہ امن کا خواہاں ہے اور دہشت گردی کے خلاف سب سے زیادہ قربانیاں پاکستان نے دی ہیں۔

ایران میں پاکستانی سفیر مدثر ٹیپو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کی کوشش کو غیر قانونی قرار دیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یک طرفہ اقدامات بین الاقوامی معاہدوں کی کھلی خلاف ورزی ہیں اور ایسی حرکتیں خطے میں انسانی بحران کو جنم دے سکتی ہیں۔

دفتر خارجہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کی کوشش ہے کہ عالمی برادری کو بھارت کی بدنیتی پر مبنی پالیسیوں سے بروقت آگاہ کیا جائے تاکہ خطے کے امن کو لاحق خطرات کے خلاف مشترکہ عالمی لائحہ عمل تشکیل دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں