چنئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور تمل سینما کے سپر اسٹار اجیت کمار ایک ناخوشگوار واقعے کا شکار ہو گئے، جب ایئرپورٹ پر مداحوں کے ہجوم نے انہیں گھیر لیا اور بے قابو ہجوم کے باعث وہ زخمی ہو گئے۔
تفصیلات کے مطابق، اجیت کمار دہلی میں بھارت کے تیسرے بڑے سول ایوارڈ “پدما بھوشن” حاصل کرنے کے بعد جب چنئی ایئرپورٹ پر واپس پہنچے تو مداحوں کی بڑی تعداد ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ جیسے ہی وہ باہر آئے، جذباتی مداحوں نے انہیں گھیر لیا جس کے باعث شدید دھکم پیل ہوئی۔
افراتفری کے اس منظر میں اجیت کمار گر گئے اور ان کے پیر میں چوٹ آئی، جس کے بعد انہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق اداکار کی حالت خطرے سے باہر ہے اور انہیں فزیوتھراپی دی جا رہی ہے۔ امکان ہے کہ وہ شام تک اسپتال سے فارغ ہو جائیں گے۔
واضح رہے کہ اجیت کمار کو یہ ایوارڈ ان کی طویل فنی خدمات کے اعتراف میں دیا گیا ہے۔ تقریب میں ان کے ہمراہ ان کی اہلیہ شلینی اور بچے بھی موجود تھے۔
اجیت کمار حال ہی میں اپنی فلم گڈ، بیڈ، اگلی (Good Bad Ugly) کے ذریعے اسکرین پر نظر آئے اور مداحوں سے خوب داد سمیٹی۔