واشنگٹن: امریکی محکمہ خارجہ نے بھارت کو “انڈو پیسیفک میری ٹائم ڈومین اویئرنیس” نظام اور متعلقہ ساز و سامان کی فروخت کی منظوری دے دی ہے، جس کی مجموعی مالیت 13 کروڑ 10 لاکھ ڈالر ہے۔
تفصیلات کے مطابق، امریکی ڈیفینس سیکیورٹی کوآپریشن ایجنسی (DSCA) نے کانگریس کو اس مجوزہ معاہدے کے حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کر دیا ہے۔ معاہدے کے تحت بھارت کو “سی ویژن” (SeaVision) سافٹ ویئر، تکنیکی اپ گریڈیشن، فیلڈ ٹیم کی تربیت، ریموٹ سپورٹ، اور لاجسٹک سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
امریکی حکام کے مطابق، یہ معاہدہ نہ صرف امریکہ اور بھارت کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا بلکہ انڈو پیسیفک اور جنوبی ایشیا میں امن، استحکام اور معاشی ترقی کو فروغ دے گا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ نظام بھارت کی موجودہ اور مستقبل کی سمندری خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافے کا باعث بنے گا، خاص طور پر اس کی تجزیاتی اور اسٹریٹجک پوزیشننگ کو بہتر کرے گا۔
امریکی حکام نے زور دیا کہ یہ دفاعی سودا خطے میں فوجی طاقت کے توازن پر کوئی منفی اثر نہیں ڈالے گا اور اس سے امریکی خارجہ پالیسی اور قومی سلامتی کے مقاصد کو تقویت ملے گی۔