پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کراچی سے شروع، پہلی پرواز 397 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ

پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن کراچی سے شروع، پہلی پرواز 397 عازمین کو لے کر مدینہ روانہ 0

کراچی: پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے 2025ء کے قبل از حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز کراچی سے کر دیا ہے، جہاں سے پہلی حج پرواز پی کے 743 صبح سویرے 397 عازمین حج کو لے کر مدینہ منورہ روانہ ہوئی۔

عازمین حج کی روانگی کے موقع پر ایک سادہ مگر باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پی آئی اے کے چیف آپریٹنگ آفیسر خرم مشتاق سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ خرم مشتاق نے عازمین کو نیک تمناؤں کے ساتھ رخصت کیا، پھولوں کے گلدستے اور تحائف پیش کیے اور وطن عزیز پاکستان کی ترقی و سلامتی کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی۔

عازمین حج نے پی آئی اے کی جانب سے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور سہولیات کو سراہا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق، اب تک ملک بھر سے تقریباً 2500 سے زائد عازمین حج کو سعودی عرب پہنچایا جا چکا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ حج آپریشن کے لیے بوئنگ 777 اور ایئربس 320 طیارے استعمال کیے جا رہے ہیں۔ صرف کراچی سے 7200 سے زائد عازمین کو 39 خصوصی پروازوں کے ذریعے حجاز مقدس روانہ کیا جائے گا۔

حج آپریشن کے پہلے مرحلے میں پروازیں مدینہ جبکہ دوسرے مرحلے میں جدہ کے لیے روانہ ہوں گی۔ مجموعی طور پر پی آئی اے 117 سے زائد خصوصی پروازوں کے ذریعے تقریباً 35,200 سرکاری عازمین کو سعودی عرب پہنچائے گی۔

یہ پروازیں کراچی، لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، ملتان اور پشاور سے آپریٹ کی جا رہی ہیں۔ پی آئی اے کا قبل از حج آپریشن 31 مئی تک جاری رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں