پاکستان کا بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ معطلی پر نوٹس دینے کا فیصلہ

پاکستان کا بھارت کو سندھ طاس معاہدے کی ممکنہ معطلی پر نوٹس دینے کا فیصلہ 0

اسلام آباد: بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے اشاروں کے بعد پاکستان نے بھرپور ردعمل دیتے ہوئے قانونی، آئینی اور سفارتی سطح پر اقدامات کا آغاز کر دیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے بھارت کو باضابطہ نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع انڈس واٹر کمیشن کے مطابق، وزارت خارجہ، وزارت آبی وسائل اور وزارت قانون کے اشتراک سے ابتدائی ہوم ورک مکمل کر لیا گیا ہے۔ متوقع نوٹس میں بھارت سے سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے ٹھوس اسباب طلب کیے جائیں گے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر بھی معاملہ اٹھانے پر سنجیدگی سے غور جاری ہے۔

حکومتی مؤقف کے مطابق، سندھ طاس معاہدہ ایک بین الاقوامی اور قانونی حیثیت کا حامل معاہدہ ہے، جس پر پاکستان کو مکمل اخلاقی و قانونی برتری حاصل ہے۔ بھارت کی جانب سے کسی بھی یکطرفہ اقدام کی کوئی حیثیت نہیں ہوگی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام فیصلے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ہی عمل میں آئیں گے۔ پاکستان کا ہمیشہ مؤقف رہا ہے کہ اس نے سندھ طاس معاہدے کی کبھی خلاف ورزی نہیں کی اور عالمی قوانین کی پاسداری کو ترجیح دی ہے۔

یاد رہے کہ سندھ طاس معاہدہ 1960 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان عالمی بینک کی نگرانی میں طے پایا تھا، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دریاؤں کے پانی کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا تھا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں