امریکا کا پاکستان اور بھارت سے پہلگام حملے کے بعد کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ

امریکا کا پاکستان اور بھارت سے پہلگام حملے کے بعد کشیدگی کم کرنے کا مطالبہ 0

واشنگٹن: امریکا نے پاکستان اور بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ پہلگام حملے کے بعد پیدا ہونے والی کشیدہ صورتحال کو ذمہ داری سے حل کریں اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کو یقینی بنائیں۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے پریس بریفنگ میں بتایا کہ امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف اور بھارت کے وزیر خارجہ جے شنکر سے علیحدہ علیحدہ گفتگو کی، جس میں انہوں نے دونوں ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ایسے اقدامات کریں جو خطے میں طویل المدتی امن اور سیاسی استحکام کو فروغ دیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ امریکا پاکستان اور بھارت دونوں سے مختلف سطحوں پر رابطے میں ہے، اور ہماری اولین ترجیح یہ ہے کہ جنگ کے خطرات کو کم کر کے بات چیت کے ذریعے مسائل حل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر خارجہ روبیو ذاتی طور پر اس تناؤ کو کم کرنے کی کوششوں کی نگرانی کر رہے ہیں۔

ٹیمی بروس نے کہا کہ امریکی حکومت دہشت گردی کے خلاف بھارت کے ساتھ کھڑی ہے، جیسا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وزیراعظم نریندر مودی کو گزشتہ ہفتے یقین دہانی کروائی تھی۔ تاہم ترجمان نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اشتعال انگیزی کی بجائے ذمہ داری کا مظاہرہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 22 اپریل کو مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں ایک افسوسناک حملے کے بعد بھارت نے پاکستان پر الزامات لگاتے ہوئے سندھ طاس معاہدے کی معطلی، سفارتی عملے کو ملک چھوڑنے کی ہدایت اور پاکستانی شہریوں کے ویزے منسوخ کر دیے تھے۔ ردعمل میں پاکستان نے بھی سخت جوابی اقدامات کا اعلان کیا، جن میں فضائی و زمینی رابطوں کی بندش اور بھارت کے ساتھ دوطرفہ معاہدوں پر نظرثانی شامل ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں