لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے اہم میچ میں کراچی کنگز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملتان سلطانز کو 87 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے دی، جس کے ساتھ ہی ملتان کی ٹیم پلے آف کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے لیگ کے 20ویں میچ میں کراچی کنگز کے کپتان ڈیوڈ وارنر نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ جیمز ونس کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت کراچی نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 204 رنز اسکور کیے۔
جیمز ونس نے 45 گیندوں پر 65 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جب کہ عرفان خان نے 40 اور خوشدل شاہ نے 33 رنز کی تیز رفتار اننگز کھیل کر ٹیم کو بڑے مجموعے تک پہنچایا۔
ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن ایک بار پھر دباؤ میں آ کر بکھر گئی۔ کپتان محمد رضوان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان بھی صرف ایک رن پر پویلین لوٹ گئے۔ کامران غلام 29 اور یاسر خان 26 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، مگر ٹیم 117 رنز پر ہی سمٹ گئی۔
کراچی کنگز کی جانب سے محمد نبی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ خوشدل شاہ، میر حمزہ نے دو، دو اور عامر جمال نے ایک وکٹ حاصل کی۔