پی ایس ایل 10: لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ شدید آندھی اور بارش کے باعث روک دیا گیا

پی ایس ایل 10 لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ شدید آندھی اور بارش کے باعث روک دیا گیا 0

لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے 21ویں میچ میں لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان جاری میچ کو خراب موسم کے باعث اچانک روک دیا گیا۔ لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں جاری میچ اس وقت معطل کیا گیا جب تیز آندھی اور گرد آلود ہوائیں میدان پر چھا گئیں، بعد ازاں بارش شروع ہو گئی۔

میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سعود شکیل نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ لاہور قلندرز نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو ابتدائی اوور میں فخر زمان بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہو گئے۔ تاہم، محمد نعیم اور عبداللہ شفیق نے شاندار شراکت قائم کرتے ہوئے صرف 29 گیندوں پر اپنی نصف سنچریاں مکمل کیں اور ٹیم کا اسکور 111 رنز تک پہنچا دیا۔

میچ کے دوران 11.3 اوورز پر پہنچتے ہی شدید آندھی نے کھیل کو متاثر کیا، جس کے بعد امپائرز نے حفاظتی اقدامات کے پیش نظر کھیل روک دیا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آندھی کی رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی، جو بارش کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔
پی ایس ایل 10 لاہور قلندرز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا میچ شدید آندھی اور بارش کے باعث روک دیا گیا

میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے محمد عامر کی جگہ محمد ذیشان کو ٹیم میں شامل کیا جبکہ لاہور قلندرز نے اپنی گزشتہ فتح والی ٹیم کو ہی میدان میں اتارا۔ خراب موسم کے باعث اب میچ کے دوبارہ شروع ہونے یا ختم کرنے کا فیصلہ محکمہ موسمیات اور امپائرز کی مشاورت سے کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ پوائنٹس ٹیبل پر اسلام آباد یونائیٹڈ 10 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، لاہور قلندرز 8 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں