لاہور: پاکستان اور بھارت کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی (PAA) نے کراچی اور لاہور کی مخصوص فضائی حدود یکم مئی سے 31 مئی تک ایک ماہ کے لیے بند کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ نوٹم (NOTAM) کے مطابق، کراچی اور لاہور کے فلائٹ انفارمیشن ریجن (FIR) کی مخصوص فضائی حدود روزانہ صبح 4 بجے سے 8 بجے تک بند رہیں گی۔ اس دوران کمرشل پروازوں کا فلائٹ آپریشن متبادل ہوائی راستوں کے ذریعے جاری رکھا جائے گا تاکہ بین الاقوامی اور ملکی پروازوں کی روانی برقرار رہے۔
حکام کے مطابق فضائی حدود کی بندش سیکیورٹی خدشات کے باعث کی گئی ہے، تاہم اس اقدام سے عمومی فضائی سرگرمیوں پر زیادہ اثر نہیں پڑے گا۔
یہ فیصلہ اُس وقت سامنے آیا ہے جب پہلگام واقعے کے بعد دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان کشیدگی میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ بھارت کی جانب سے سندھ طاس معاہدہ معطل کرنے اور سفارتی عملے کو محدود کرنے جیسے اقدامات کے بعد، پاکستان نے بھی فضائی، زمینی اور تجارتی راستوں پر جوابی پالیسی اپنائی ہے۔
واضح رہے کہ اس بندش کا اطلاق صرف مخصوص اوقات اور مخصوص فضائی زونز پر ہوگا، جبکہ باقی فلائٹ آپریشنز حسب معمول جاری رہیں گے۔