کراچی: سندھ ریونیو بورڈ (SRB) نے اپریل 2025 میں ٹیکس وصولی کے میدان میں قابلِ ذکر کامیابی حاصل کی ہے، جس کے تحت گزشتہ سال کے مقابلے میں 24 فیصد کا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ادارے کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق، اپریل 2025 میں بورڈ نے 23 ارب 33 کروڑ روپے ٹیکس وصول کیا، جو اپریل 2024 میں حاصل کیے گئے 18 ارب 83 کروڑ روپے سے تقریباً 4 ارب 49 کروڑ روپے زیادہ ہے۔
اس کے علاوہ مالی سال 2024-25 کے ابتدائی 10 ماہ (جولائی تا اپریل) کے دوران ایس آر بی نے مجموعی طور پر 2 کھرب 34 ارب روپے کا ٹیکس اکٹھا کیا، جو گزشتہ مالی سال کے اسی دورانیے میں 1 کھرب 85 ارب روپے تھا۔ اس طرح سال بہ سال ٹیکس کلیکشن میں 27 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
ایس آر بی حکام کا کہنا ہے کہ اس کامیابی کا سہرا ادارے میں کی گئی موثر اصلاحات، ڈیجیٹلائزیشن، شفاف ٹریکنگ سسٹم اور فیلڈ اسٹاف کی محنت کو جاتا ہے۔ بورڈ کے مطابق ٹیکس وصولی میں یہ اضافہ نہ صرف صوبے کی مالی خودمختاری کو تقویت دے گا بلکہ عوامی فلاحی منصوبوں میں بھی تیزی آئے گی۔